بھٹکل:13/ اکتوبر (ایس اؤنیوز) میونسپالٹی دکانداروں کی حمایت میں احتجاج کرنے والے بی جے پی لیڈران پر حکومتی سازش کے تحت ڈکیتی کیس درج کئے گئے ہیں، اس کے لئے جو بھی ذمہ دار ہیں اُن کے خلاف پارٹی کی طرف سے قانونی جنگ لڑی جائے گی۔ اس بات کا اعلان بھٹکل بی جے پی نے کیا۔ بھٹکل بی جے پی منڈل کے صدر راجیش نائک نے پریس کانفرنس کے ذریعے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بی جے پی لیڈران کی گرفتاری سیاسی اثرات کا نتیجہ ہے ورنہ احتجاج کے دوران ڈکیتی کا کیس درج کرنے جیسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔
راجیش نائک کے مطابق ضلع کے ایڈیشنل ایس پی گوپال بیاکوڑ نے نامدھاری سماج کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے نامدھاری سماج کی قیادت میں منعقد کئے گئے احتجاج کے دوران اس بات کی یقین دھانی کرائی تھی کہ وہ قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ کے بعد ڈکیتی معاملے کو واپس لے لیں گے، مگر وہ اپنی بات پر قائم نہیں رہے۔ انہوں نے ضلع کے ڈپٹی کمشنر پر بھی الزام لگایا کہ وہ بھی اپنی بات پر قائم رہنے میں ناکام ہوئے ہیں کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ مہلوک رام چندرنائک خاندان کو ایک ہفتہ کے اندر معاوضہ دلائیں گے، مگر حکومت کی طر ف سے ابھی تک ایک پیسہ بھی معاوضہ کے طورپر نہیں دیا گیاہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھٹکل بلدیہ دکانداروں کو انصا ف ملنے تک بی جے پی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک نے بی جے پی لیڈران پر ڈکیتی کے معاملات درج کرنے پر کہا کہ یہ کیس بی جے پی لیڈران کو جان بوجھ کر پھنسانے کے لئے درج کیا گیا ہے۔جے ڈی نائک کے مطابق بلدیہ دکانوں کو خالی کرانے کا عدالت کی طرف سے کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ ٹینڈرکارروائی کے بعد معاہدہ بھی نہیں کیاگیا ہے،انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سب بلدیہ انتظامیہ کی غیر ذمہ داری کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ جے ڈی نائک نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل حساس علاقہ ہونے سے ضلعی انتظامیہ کے لئے ضروری ہے کہ ایسے معاملات پر خصوصی ترجیح دی جائے۔
غیر قانونی عمارتوں کی لسٹ تیار کی جارہی ہے : ستیہ جیت
پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے بی جےپی پسماندہ طبقات کےریاستی سکریٹری ستیہ جیت نے الزام لگایا کہ ریاستی کانگریس حکومت اپنے آپ کو پسماندہ طبقات کی حمایتی کہتی ہے، لیکن حکومت کی جانب سے ہی پسماندہ طبقات کےساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ان کے مطابق غیر قانونی گائے سپلائی کا ملزم ہلاک ہونے پر حکومت نے اُنہیں معاوضہ دیا ہے۔ لیکن ایک غریب دکاندار کو ابھی تک کوئی معاوضہ نہیں دیاگیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت میونسپالٹی کے پرانے دکانداروں کونکال باہر کرنےکی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے بھٹکل میں موجود غیرقانونی عمارتوں کی لسٹ بنائی جارہی ہے، اور آئندہ دنوں میں غیر قانونی عمارتوں کو نکال باہر کرنے کے سلسلے میں جدوجہد کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں کرشنا یسلے ، پرمیشور دیواڑیگا، سنیل بی نائک، کیشوؤ نائک، سبرائے دیواڑیگا، بھاسکر دئیمنے موجود تھے۔